پاکستان کیلئے خوشخبری، یورپی یونین کی ہائی رسک ممالک کی فہرست سے باہر
یورپی یونین نے 4 سال بعد پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکال دیا، جس کے بعد پاکستانی تاجر اپنی مصنوعات یورپی منڈی تک برآمد کرسکیں گے۔
وزارت تجارت کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یورپی یونین کی ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکلنے کے بعد پاکستانیوں پر یورپ کے قانونی اور معاشی آپریٹر کی اضافی شرائط لاگو نہیں ہوں گے، اس سے ملک کو فائدہ پہنچے گا۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2018ء میں یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا، یہ ہائی رسک فہرست اینٹی منی لانڈرنگ کے خراب نظام اور ٹیرر فنانسنگ کو روکنے کیلئے مؤثر انتظامات نہ ہونے کی نشاندہی کرتی ہے۔
خیال رہے کہ یورپی کمیشن کی جانب سے پاکستان سمیت 23 ممالک پر مشتمل ایک فہرست جاری کی گئی تھی، ان ممالک کے حوالے سے یہ کہا گیا تھا کہ اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے قوانین مذکورہ ممالک میں کمزور ہیں۔
اس فہرست کے جاری ہونے کے بعد یورپی یونین کے انسداد منی لانڈرنگ کے قوانین کے تحت کام کرنیوالے بینکوں پر لازم ہے کہ وہ فہرست میں شامل ممالک سے لین دین قانونی اور معاشی آپریٹرز کے ذریعے کریں گے۔