ملتان سلطانز کو پہلے ہی میچ کے بعد بڑا جھٹکا

فاسٹ بولر انجرڈ، ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خدشہ

پاکستان سپر لیگ 8 کے افتتاحی میچ کے بعد ہی ملتان سلطانز کی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگ گیا، فاسٹ بولر شاہنواز دھانی انجری کا شکار ہوگئے، ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

پاکستان سپر لیگ 8 کا پہلا میچ پیر کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، افتتاحی میچ میں ہی ایک بڑا کھلاڑی انجرڈ ہوگیا۔

ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی 16ویں اوور کی آخری گیند پر سکندر رضا کا زور دار شاٹ روکنے کی کوشش میں انجرڈ ہوگئے، ان کے دائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ لگی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گیند پکڑنے کی کوشش کرتے ہوئے شاہنواز دھانی کی دائیں انگلی پر گیند لگ گئی، ان کا ایکسرے کیا گیا جس میں شاہنواز کی انگلی میں فریکچر آیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں ہاتھ میں شدید تکلیف ہے۔

شاہنواز دھانی کا انجری کے باعث پی ایس ایل کے پورے ایونٹ سے باہر ہونے کا خدشہ ہے، ملتان سلطانز مینجمنٹ نے شاہنواز دھانی کے متبادل کھلاڑی کی تلاش شروع کردی۔

رپورٹ کے مطابق ملتان سلطانز نے کارلوس بریتھ ویٹ کو بھی متبادل کے طور پر تیار رہنے کا کہہ دیا ہے، وہ پاکستانی ویزے کے منتظر اور یو اے ای میں موجود ہیں۔

Multan Sultans

Shahnawaz Dhani

PSL8

PSL2023

Tabool ads will show in this div