جماعت اسلامی کا آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

پی ٹی آئی کی جماعت اسلامی کوملکرکراچی کامیئراورڈپٹی میئرلانےکی پیشکش

کراچی ( Karachi ) میں ہونے والے 15 جنوری بروز اتوار کے بلدیاتی الیکشن ( Local Bodies Elections ) کے نتائج میں تاخیر اور ردوبدل کے خلاف جماعت اسلامی ( Jamaat-e-Islami ) نے آج بروز منگل 17 جنوری کو ملک کے بڑے شہروں میں احتجاج اور مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی پارٹی بن کر سر فہرست آ چکی ہے، پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح ہیں کہ جماعت اکثریت میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج میں تاخیر شکوک و شبہات بڑھا رہے ہیں۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے انتخابی نتائج میں بھی ردوبدل کیا جا رہا، اپیل کرتا ہوں کہ ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔

دوسری جانب سراج الحق کی جانب سے آج بروز منگل کو مرکزی پارٹی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔ اجلاس لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر منصورہ میں ہوگا۔

کراچی کا میئر کون؟ جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع

کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے بعد حکومت سازی کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے جماعت اسلامی کو مل کر کراچی کا میئر اور ڈپٹی میئر لانے کی پیشکش کی ہے۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کی جانب سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا گیا۔

ٹیلی فونک رابطے میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے سراج الحق کو عمران خان کا پیغام پہنچایا۔ سراج الحق نے تحریک انصاف کی پیشکش پر مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔

اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت اجلاس میں مشاورت کرے گی، فیصلہ جماعت اسلامی کی قیادت اتفاق رائے سے کرے گی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ امیر جماعت اسلامی کا تاحال پاکستان پیپلز پارٹی سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے 235 یونین کونسلز مکمل نتائج جاری کر دئیے گئے، پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ 93 نشستیں حاصل کیں، جماعت اسلامی 86 نشستوں کےساتھ دوسرے نمبر پر جب کہ پی ٹی آئی 40 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے تیسری پوزیشن پر آگئی۔

نتائج کے مطابق ن لیگ 7، جے یو آئی اور آزاد امیدوار تین، تین، ٹی ایل پی نے 2 نشستیں حاصل کیں، بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد ممکنہ مخصوص نشستوں کے ساتھ پیپلز پارٹی 142 نشستوں کے ساتھ ایوان کی سب سے بڑی جماعت ہو گی۔

پی پی پی 93 یوسیز پر کامیاب ہو کر 32 خواتین کی مخصوص نشستیں حاصل کرے گی، پی پی پی کو نوجوانوں، اقلیت اور لیبر کی 5، 5، خواجہ سرا اور معذور افراد کی ایک، ایک نشست ملے گی۔

جماعت اسلامی 133 نشستوں کے ساتھ ایوان کی دوسری بڑی جماعت ہو گی، جماعت اسلامی 86 یوسیز پر کامیاب ہو کر 32 خواتین کی مخصوص نشستیں حاصل کرے گی، جماعت اسلامی کو نوجوانوں، اقلیت اور لیبر کی 5، 5، خواجہ سرا اور معذور افراد کی ایک، ایک نشست ملے گی۔

پی ٹی آئی کو 40 نشستوں پر 14 خواتین، 2 لیبر، 2 نوجوان اور 2 اقلیت کی نشستیں ملیں گی۔

ECP

JAMAAT E ISLAMI

PAKISTAN TEHRIK-E-INSAAF (PTI)

SINDH LOCAL BODIES ELECTION

KARACHI LOCAL BODIES ELECTIONS

PAKISTAN PEOPLES PARTY (PPP)

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div