نیپالی شہری نے 23 بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے نیا ریکارڈ بنادیا

May 15, 2019

 

نیپالی شہری نے 23 بار دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے نیا ریکارڈ بنادیا، 49 سالہ ریٹا شرپا کہتے ہیں کہ وہ مزید 2 مرتبہ چوٹی سر کرنا چاہتے ہیں۔

نیپال کے ہائیکنگ حکام کے مطابق کامی ریٹا شرپا نامی 49 سالہ نیپالی نے 23ویں بار دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی، انہوں نے یہ کارنامہ دو کوششوں کے بعد سر انجام دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیپالی محکمہ سیاحت کی اہلکار میرا اچاریا نے بتایا کہ 8 ہزار 850 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کے دامن میں آباد تھیم نامی نیپالی گاؤں کے رہائشی شرپا نے جنوب مشرقی راستہ استعمال کرتے ہوئے چوٹی کو سر کیا۔

میرا نے بتایا ہے کہ شرپا نے بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق سات بج کر 50 منٹ پر چوٹی سر کی اور اب وہ نچلے کیمپوں کی طرف روانہ واپس آرہے ہیں۔ حالیہ مہم میں 30 مزید کوہ پیما حصہ لے رہے ہیں جو بدھ یا جمعرات کو چوٹی سر کرلیں گے۔

رپورٹ کے مطابق کامی شرپا کہتے ہیں کہ وہ مزید 2 مرتبہ چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے چوٹی کا سفر شروع کرنے سے قبل ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ میں ابھی بھی صحت مند ہوں اور ماؤنٹ ایورسٹ کو 25 مرتبہ سر کرنا چاہتا ہوں۔

چوٹی سر کرنے کیلئے کامی کے استعمال کردہ راستے کو سب سے پہلے نیوزی لینڈ کے کوہ پیما سر ایڈمنڈ ہیلری اور شرپا تنزنگ نورگے نے متعارف کروایا تھا، یہ دونوں 1953ء میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پہلے کوہ پیما بنے تھے۔

دُنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 8 نیپال میں واقع ہیں اور سیاحت نیپال کی معیشت کا بنیادی ذریعہ ہے جبکہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹی پاکستان میں واقع ہے۔

تقریباً 66 سالوں میں 5 ہزار کوہ پیما اس چوٹی کو سر کر چکے ہیں، چوٹی پر چڑھنے کا سیزن مئی میں ختم ہو جاتا ہے اور اس وقت سینکڑوں کوہ پیما چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔