آمدن کا 35 فیصد حصہ بچانے کی قدیم جاپانی ترکیب

May 13, 2019

بچت ایک اچھی عادت ہے جو مشکل وقت میں آپ کو پریشانی سے بچاتی ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ایسا کرنا اتنا آسان نہیں، عموما لوگ یہی کہتے ہیں کہ کوشش تو بہت کرتے ہیں لیکن بچت نہیں کرپاتے۔ اگر آپ کا شمار بھی ایسے ہی لوگوں میں ہوتا ہے تو پھر 115 سال پرانا جاپانی نسخہ ’’کاکیبو‘‘ آزمائیں۔

رقم کو بے جا خرچ کرنے سے بچانے کیلئے جاپانی ترکیب ’’کاکیبو‘‘ کے لیے صرف ایک کاغذ اور قلم کے علاوہ نظم وضبط کی ضرورت ہوتی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق براعظم ایشیا میں 50 فیصد لوگ پیسے بچانے کی نیت رکھتے ہیں، اور اب مغرب میں بھی ایسا کرنےکے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔کاکیبو استعمال کرنے والے متفق ہیں کہ وہ آمدن کا 35 حصہ بچا سکتے ہیں۔

جاپانی لفظ ’’کاکیبو‘‘ سے مراد ہے ’’گھر چلانے کیلئے حساب کتاب ‘‘، اس حوالے سے کتاب لکھنے والی جاپانی مصنفہ فومیکو چیبا کے مطابق اس طریقے سے پیسے بچانے کا آغاز سال 1904 میں ہوا تھا۔

دی جیپنیز آرٹ آف بجٹنگ اینڈ سیونگ منی نامی کتاب میچیبا نے لکھا کہ کاکیبو دراصل جاپان کی پہلی خاتون صحافی ھانی موٹوکو کی ایجاد ہے جو گھر کا بجٹ چلانے کیلئے بہتر طریقے کی خواہشمند تھیں،اس زمانے میں بیشترخواتین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت نہیں تھی ۔

کاکیبو کی ترکیب

کاکیبو دراصل پیسوں کو دھیان سے خرچ کر کے بچت کے اہداف حاصل کرنا ہے ، اس کیلئے آپ کو دن اور پورے ہفتے کا خرچ اور آمدن لکھ کر مختلف حصوں میں تقسیم کرنا ہوگا مثلا روز مرہ اخراجات (کرایہ ، کھانا پینا، ادویات وغیرہ) ، سیروتفریح کی غرض سے خرچ کی جانے والی رقم، و اخراجات جو غیرمتوقع یا زائد ہیں۔

کاکیبوماہانہ آمدن اور اخراجات کی واضح تصویرسامنے لے آتا ہے، اور دھیان سے خرچ کرکے آپ اپنی بچت کے ہدف کے قریب پہنچتے ہیں۔۔ کاکیبو صرف اپنے اخراجات پر قابو رکھنا نہیں سکھاتا بلکہ مالی حالات کو بہتر کرنا بھی سکھاتا ہے۔

اس ترکیب کا فلسفہ ہے کہ ضروری یا لازمی اخراجات پرغور کرتے ہوئے غیر ضروری خرچ سے نجات حاصل کی جائے۔ چیبا کے مطابق ہر ماہ کے آغاز میں آپ کاکیبو کو دیکھ کرغورکرتے ہیں کہ اس ماہ کتنے پیسے بچانا ہیں اور اس ہدف تک پہنچنے کے لیے کیا کرنا پڑے گا۔ یہ ہدف اپنے آپ سے 4 سوالات پوچھ کر حاصل کریں۔

کتنے پیسے بچائے؟ ۔

کتنے پیسے بچانا چاہتے تھے؟۔

کتنی رقم خرچ کر رہے ہیں؟ ۔

آئندہ ماہ صورتحال کو بہترکیسے بنایا جاسکتا ہے؟۔

جدید دور میں بجٹنگ کیلئے مختلف پروگرامزاور ایپس کے باوجود جاپانی لوگ اب بھی کاکیبو کی کتابیں خریدنا پسند کرتے ہیں۔ چیبا کہتی ہیں کہ آغاز میں شاید کاکیبو مشکل لگے لیکن کامیابی کے لیے یہ اہم ہے۔

 
 
 

ضرور دیکھئے