دنیا کے خطرناک پرندے نے اپنے مالک کو ہی مار ڈالا

April 20, 2019

دنیا کے خطرناک ترین پرندوں میں شمار کئے جانے والے پرندے نے اپنے مالک پرحملہ کر کے اسے قتل کر دیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اڑنے کی صلاحیت سے محروم پرندے کاسوری نے اپنے مالک پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اسے غذا پہنچانے کیلئے گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست فلوریڈا کے 75 سالہ شخص مارون ہاجوس کو انتہائی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

 

پالتو پرندے کے حملے سے ہلاک ہونے والے شخص کی اہلیہ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ کاسوری نے ابتدائی طور پر ان کے شوہر پر پروں سے متعدد بار حملہ کیا، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔

حکمہ مویشی و جنگلات کے حکام کے مطابق ابتدائی طور پر پتا چلا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پرندے کے مالک انہیں غذا دینے کیلئے باغ کے اندر گر گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مالک کے گرنے کے بعد ان پر کاسوری نے حملہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق کاسوری کا شمار دنیا کے خطرناک پرندوں میں ہوتا ہے۔ یہ پرندے اڑنے کے قابل نہیں ہوتے تاہم یہ بیک وقت 7 فٹ تک چھلانگ لگانے کا اہل ہے۔

یہ پرندے شطر مرغ کی نسل سے بتائے جاتے ہیں اور ان کی قدامت اور جسامت بھی ان سے ملتی جلتی ہے۔ کاسوری کی مادہ کا وزن 100 کلو گرام کے قریب ہوتا ہے۔