کراچی: بلی کی ہلاکت پرخاتون کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

February 8, 2019

 

کراچی کی مقامی عدالت نے خاتون کے خلاف بلی کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ بلی یکم فروری 2019 کو خاتون کی گاڑی تلے آ کر کچلی گئی تھی۔

کراچی کے سٹی کورٹ میں بلی کی ہلاکت کا انوکھا کیس زیرسماعت آیا۔ یکم فروری کو ڈیفنس کے علاقے میں خاتون کی گاڑی سے بلی کی ہلاکت کیخلاف شہری کی درخواست پر عدالت نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

شہری فائق جاگیرانی نے درخواست میں موقف اپنایا کہ بلی زخمی ہوئی تھی، خاتون کو علاج کرانے کے لیے کہا مگر وہ نہ مانیں اور بلی دم توڑ گئی۔

بلی کی ہلاکت کے بعد شہری نے پولیس سے مقدمے کے اندراج کے لئے رابطہ کیا تھا لیکن پولیس کی جانب سے شنوائی نہ ہوئی تو شہری سٹی کورٹ پہنچ گیا جہاں عدالت نے اس کی درخواست منظور کرلی۔

عدالت نے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کی ہدایت کردی۔

درخواست گزار فائق جاگیرانی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں بے زبان جانوروں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے، پاکستان میں بھی پولیس اور عدالت جانوروں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے لیے اقدامات کریں۔