فلوریڈا: افغانستان کی خاتون پائلٹ نے دنیا کے 18 سے زائد ممالک میں اکیلے سفر کا آغاز کردیا۔
افغانستان کی 29 سالہ خاتون پائلٹ شائستہ وائز نے دنیا کے 18 سے زائد ممالک میں اکیلے سفر کیلئے ہوائی پرواز کا آغاز امریکی ریاست فلوریڈا سے کیا، وہ اسپین، مصر، بھارت، سنگا پور، آسٹریلیا سمیت کئی ممالک سے جائیں گی، ان کے اس ہوائی سفر کے تمام تر انتظامات عالمی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) نے کئے ہیں، ان کا سفر اگست میں فلوریڈا واپس پہنچ کر مکمل ہوگا۔
آئی سی اے او کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں صرف 5 فیصد خواتین ہی پیشہ ور پائلٹ ہیں، شائستہ وائز روس اور افغانستان کے درمیان ہونیوالی جنگ کے اختتام پر 1989ء میں مہاجرین کے کیمپ میں پیدا ہوئیں، بعد ازاں وہ اہل خانہ کے ہمراہ امریکا ہجرت کرگئیں، وہاں جاکر شائستہ نے پائلٹ بننے کا اپنا شوق پورا کیا۔
افغان خاتون پائلٹ شائستہ وائز نے ڈریم سور کے نام سے غیر منافع بخش آن لائن ویب سائٹ بھی تیار کی ہے تاکہ جو لڑکیاں اس شعبہ سے وابستہ ہونا چاہتی ہیں انہیں گائیڈ کرسکیں۔ اے پی پی