سال2020ء میں کس کمپنی کے اسمارٹ فون زیادہ فروخت ہوئے؟

SAMAA | - Posted: Jan 28, 2021 | Last Updated: 3 months ago
SAMAA |
Posted: Jan 28, 2021 | Last Updated: 3 months ago

کرونا وائرس کی وباء نے 2020ء میں اسمارٹ فونز کی صنعت کو بھی شدید متاثر کیا، 2019ء کے مقابلے میں گزشتہ سال 5.9 فیصد کم اسمارٹ فونز فروخت ہوئے، ایپل 2020ء کی آخری سہ ماہی میں سب سے زیادہ اسمارٹ فون فروخت کرنیوالی کمپنی بن گئی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ’’انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن‘‘ کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کے اسمارٹ فون کی فروخت میں 2020ء کی آخری سہ ماہی کے دوران 22 فیصد اضافہ ہوا اور یہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

ایپل نے آئی فون 12 کی شکل میں ‘فائیو جی انٹرنیٹ’ کی سہولت رکھنے والا جو نیا ماڈل متعارف کرایا، جسے لوگوں نے خاصا پسند کیا ہے، گزشتہ سال چین میں ایپل کے اسمارٹ فونز کی طلب میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2020ء کی آخری سہ ماہی میں ایپل کے اسمارٹ فونز کی فروخت 9 کروڑ سے زائد فونز تک پہنچ گئی جو کسی بھی سہ ماہی میں کمپنی کی سب سے زیادہ فروخت ہے، اس عرصے میں ایپل کا موبائل فون کی فروخت کے حوالے سے عالمی مارکیٹ میں حصہ 23.4 فیصد رہا۔

ماہرین کے مطابق چین میں اگرچہ اب بھی ہواوے کی طلب موجود ہے لیکن اس کی سپلائی ڈیمانڈ کے مطابق نہیں تھی، ایپل نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور ہواوے کی مارکیٹ کو بھی اپنی گرفت میں لے لیا۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 2020ء کی آخری سہ ماہی میں سالانہ چھٹیوں کے دوران ایپل کی آمدنی پہلی مرتبہ 100 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی، چین، ہانگ کانگ اور تائیوان میں ایپل فونز کی فروخت میں 57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایپل حکام کا کہنا ہے کہ چین کی شہری آبادی میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے 3 اسمارٹ فونز میں سے 2 ایپل کے ہیں۔

اسمارٹ فونز بنانے والی ایک اور بڑی کمپنی سام سنگ کے فونز کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا ہے، سال 2020ء کی آخری سہ ماہی میں اس کمپنی کے اسمارٹ فونز کی فروخت کا عالمی مارکیٹ میں حصہ 19.1 فیصد رہا جبکہ کمپنی کی ڈیوائسز کی فروخت میں 6.2 فیصد اضافہ ہوا، سام سنگ نے ان 3 ماہ میں 7 کروڑ 39 لاکھ سے زائد فون فروخت کیے۔

دوسری جانب چینی کمپنی ہواوے کو خاصا نقصان اٹھانا پڑا، گزشتہ سال کے آخری 3 ماہ میں اس کے فونز کی فروخت 4 کروڑ 24 لاکھ سے گر کر 3 کروڑ 23 لاکھ ڈیوائسز پر آگئی۔

کرونا وباء سے متاثرہ سال میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں مجموعی طور پر 5.9 فیصد کمی آئی۔ آئی ڈی سی کے مطابق 2019ء میں ایک ارب 37 کروڑ سے زائد اسمارٹ فونز فروخت ہوئے جبکہ گزشتہ سال ایک ارب 29 کروڑ فون فروخت ہوئے۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube