ہوم   > ٹیکنالوجی

جرمنی میں بغیر ڈرائیور خودکار بسوں کی آزمائش کا آغاز

2 months ago

جرمن دارالحکومت برلن میں ایسی بسوں کی آزمائش شروع کردی گئی جن میں نہ ڈرائیور ہے اور نہ ہی اسٹیرنگ اور مسافروں کو کرایہ بھی نہیں دینا۔

ڈی ڈبلیو ویب سائٹ کے مطابق برلن میں خودکار بسوں کو آزمائشی طور پر چلانے کا آغاز جمعہ کے روز ہوا اور اسے رواں برس کے آخر تک جاری رکھا جائے گا، جرمن دارالحکومت سے پہلے جرمنی کی اولیں خودکار بس صوبہ باویریا کے قصبے باڈ برنباخ میں سن 2017ء میں چلائی گئی تھی۔

جرمنی کے بندرگاہی شہر اور وفاقی جرمن ریاست ہیمبرگ میں بھی رواں ہفتے کے اوائل سے خودکار بسیں آزمائشی طور پر چلائی جارہی ہیں۔

برلن میں چلائی جانے والی خودکار بسوں میں زیادہ سے زیادہ 6 مسافر بیٹھ سکتے ہیں، ان بسوں میں مسافروں سے کرایہ بھی نہیں لیا جائے گا۔

برلن کی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ زیگریڈ نیکوٹا کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ چھوٹی خودکار بسیں ہماری بڑی پیلی بسوں کے ساتھ شہر کی پبلک ٹرانسپورٹ میں اہم اضافہ ثابت ہوں گی اور خاص طور پر تنگ گلیوں اور کم حد رفتار والی سڑکوں پر یہ مددگار ثابت ہوں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خودکار بسیں چلائے جانے سے ڈرائیور بیروزگار نہیں ہونگے کیونکہ عام بسیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی، علاوہ ازیں خودکار بسوں میں بھی کمپنی کا ایک اہلکار مستقل طور پر موجود ہوگا تاکہ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔

خودکار بسوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 15 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، آزمائشی طور پر انہیں برلن کے ایک میٹرو اسٹیشن سے قریبی جھیل تک صرف 600 میٹر کے فاصلے کیلئے چلایا جائے گا۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں
 
 
 
 
 
 
 
 
مقبول خبریں