انسٹا گرام کا آن لائن ہراسیت سے بچاؤ کیلئے نئے فیچر کا اعلان

July 9, 2019

Photo : AFP

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام نے آن لائن ہراسیت روکنے کیلئے نئے فیچر کا اعلان کردیا۔ ویب سائٹ سربراہ کا کہنا ہے کہ نیا فیچر صارف کو متنازع پوسٹ کرنے سے پہلے ہی متنبہ کر دیگا۔

فیس بک کے زیر انتظام چلنے والی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ انسٹا گرام نے آن لائن ہراسیت روکنے کیلئے نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا، انسٹا گرام سربراہ ایڈم موسیری کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نیا فیچر صارف کو متنازع پوسٹ کرنے سے پہلے ہی متنبہ کر دیگا۔

انہوں نے کہا انسٹا گرام پر صارفین کیلئے محفوظ ماحول بنانا کمپنی کی ذمہ داری ہے، یہ ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اس مسئلے کو بہتر طور پر سمجھنے اور اس سے نمٹنے کیلئے مسلسل سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

موسیری کہتے ہیں کہ نئے فیچر سے لوگوں کو پیغامات پوسٹ کرنے سے پہلے اپنے الفاظ پر نظرثانی کرنے اور تبصرے کو منسوخ کرنے کا موقع مل جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ نامناسب کلمات دیگر صارفین تک پہنچنے سے بچ جائیں گا۔

Photo : AFP

انسٹا گرام سربراہ کے مطابق فیچر کو پہلے ٹیسٹ کیا گیا تھا، جس سے معلوم ہوا کہ اس فیچر نے چند لوگوں کو اپنا تبصرہ منسوخ کرنے اور کچھ ایسا شیئر کرنے کی حوصلہ افزائی کی تھی جو پڑھنے والوں کیلئے کم تکلیف دہ ہو۔

انسٹا گرام ’رسٹرکٹ‘ کے نام سے ایک اور فیچر بھی متعارف کرا رہا ہے جس کے ذریعے نازیبا کلمات کی تشہیر محدود کرنے میں مدد ملے گی۔

ایڈم موسیری نے مزید کہا کہ اکثر لوگ کسی ڈر کے نتیجے میں ناموزوں افراد کو سوشل میڈیا کی ویب سائٹس پر بلاک یا ان کا نازیبا سلوک رپورٹ کرنے سے گریز کرتے ہیں، تاہم اب اس نئے فیچر سے کسی بھی نامناسب شخص کو ’رسٹرکٹ‘ کرکے پروفائل تک محدود رسائی دی جا سکتی ہے، ایسا شخص نا تو آپ کو انسٹا گرام پر ایکٹو دیکھ سکے گا اور نہ ہی اس کو یہ معلوم  ہو سکے گا کہ آپ نے اس کا بھیجا ہوا میسج پڑھ لیا ہے۔

انسٹا گرام سربراہ کہتے ہیں کہ ابھی اس نئے فیچر کا تجرباتی بنیادوں پر جائزہ لیا جارہا ہے، جس کے استعمال سے نازیبا تبصرہ صرف اس کے لکھنے والے کو ہی نظر آئے گا۔

واضح رہے کہ انسٹا گرام اس سے قبل بھی ایسے اقدامات کرتا رہا ہے جس سے نفرت انگیز بیانات اور نازیبا رویوں کو روکا جاسکے۔