کیا چاند سکڑ رہا ہے؟، سائنسدانوں کا حیرت انگیز انکشاف

May 15, 2019

 

سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ چاند سکڑ رہا ہے جبکہ اس کی سطح پر جھریاں بھی پڑ رہی ہیں۔

سائنس جرنل ’’نیچر جیو سائنس‘‘ میں چھپنے والی اسٹڈی کے مطابق چاند کا طول و عرض دھیرے دھیرے سکڑ رہا ہے جس کی وجہ سے چاند کی سطح پر جھریاں پڑ رہی ہیں، سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ کروڑوں برسوں کے دوران چاند کا حجم تقریباً 150 فٹ کم ہوا ہے۔

اسٹڈی کیلئے چاند کی 12 ہزار سے زائد تصاویر کا جائزہ لیا گیا، جس سے چاند کے نارتھ پول کے قریب ’میئر فریگورس‘ نامی نشیب میں دراڑوں اور جگہ کی تبدیلی کے شواہد ملے ہیں، سائنسدانوں کے ارضیاتی نقطہ نظر سے ’میئر فریگورس‘ دیگر ایسے نشیبوں میں سے ہے جن میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں تھی۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ زمین کے برعکس چاند پر ٹیکٹونک پلیٹس موجود نہیں بلکہ چاند کی سطح پر تبدیلی درجہ حرارت کے زیادہ ہونے سے رونما ہوتی ہے، جس کی وجہ سے اس کی سطح پر جھریاں آجاتی ہیں، بالکل اسی طرح سے جیسے انگور خشک ہوکر میوے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ چاند کی سطح سخت ہونے کے باعث اس قسم کی تبدیلیاں اس کی سطح پر دراڑیں پیدا کردیتی ہیں۔ چاند پر زلزلوں کی شدت کا اندازہ سب سے پہلے اپولو خلاء بازوں نے 1960ء اور 1970ء کی دہائیوں میں لگانا شروع کیا تھا، جس سے معلوم ہوا تھا کہ زلزلے چاند کی سطح سے بہت نیچے رونما ہورہے تھے نہ کہ چاند کی سطح کے قریب۔