شمالی وزیرستان، فرنٹئیر ریجن، بنوں اور لکی مروت بہت جلد براڈ بینڈ سے منسلک ہونگے

February 7, 2019

شمالی وزیرستان میں برآڈ بینڈ کی کوریج کے لیے یونیورسل سروس فنڈ اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی کو تیزی سے ان علاقوں تک پہنچائیں گے جہاں بہت کم ترقی ہوئی۔

اس معاہدے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بطور مہمان خصوصی تھے۔ معاہدہ کے مطابق ڈیجیٹل کمیونیکشن کمپنی اور یونیورسل سروس فنڈ کے درمیان 192 ملین روپے کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

معاہدے کے مطابق شمالی وزیرستان، فرنٹئیر ریجن، بنوں اور لکی مروت تک موبائل براڈ بینڈ تک رسائی دی جائے گی۔ معاہدے پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر   یوایس ایف رضوان میر اور سی سی ای آو جازعلی نصیر نے دستخط کئے۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ پاکستان کو ڈیجٹلائز کرنے کے لئے براڈ بینڈ تک رسائی لازم ہے،یو ایس ایف دور دراز کے علاقوں میں برآڈ بینڈ کی رسائی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جاز اور یو ایس ایف مل کر شمالی وزیرستان،  فرنٹیر ریجن، بنوں اور لکی مروت میں کام کریں گے، یہ تبدیلی تیزی سے ان علاقوں تک پہنچائیں گے جہاں بہت کم ترقی ہوئی ہے،ان علاقوں کے باصلاحیت نوجوانوں اور ان کی امیدوں کو پورا کرنے کے لئے یہ معاہدہ اہم ہے، شمالی وزیرستان کے بعد یہ منصوبہ جنوبی وزیرستان میں بھی شروع کیا جائیگا،آئی ٹی کی تعلیم کے لئے ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کی ضرورت ہے،اتھارٹی کا مقصد ملک میں دی جانے والی تعلیم کے معیار پر نظر رکھنا ہو، سائیبر سیکورٹی کی اتھارٹی کے قیام کے لئے کام ہورہا ہے۔