سعودی سائنسدانوں کا تیار کردہ پہلا سیٹلائٹ مدار میں چھوڑ دیا گیا

February 6, 2019

 

سعودی عرب نے پہلا سیٹلائٹ مدار میں چھوڑ دیا، جسے مکمل طور پر مقامی سطح پر کنٹرول کیا جائے گا۔

سعودی عرب کا ٹیلی کمیونی کیشن سیٹلائٹ ایس جی ایس۔1 جنوبی امریکا کے علاقے فرانسیسی گیانا کے کورو ایئربیس سے مدار میں بھیجا گیا، مکمل طور پر سعودی عرب کی ملکیت سیٹلائٹ مقامی اسٹیشنز کے ذریعے آپریٹ اور کنٹرول کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ سیٹلائٹ ٹیلی کمیونی کیشن کی صلاحیتیں فراہم کرے گا، انٹرنیٹ کے رابطے کو زیادہ مضبوط بنائے گا اور مشرق وسطیٰ، شمالی افریقا اور یورپ میں کمیونی کیشن کو محفوظ بنائے گا۔

سعودی جیو اسٹیشنری سیٹلائٹ (ایس جی ایس۔1) کو کنگ عبدالعزیز سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سٹی کی ٹیم نے امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کے تعاون سے تیار کیا ہے۔