دنیا کے امیر ترین جوڑے کی طلاق

January 9, 2019

دنیا کے امیر ترین شخص ایمازون کے بانی جیف بیزوز اور ان کی اہلیہ مکینزی کے درمیان طلاق ہوگئی، دونوں کا رشتہ 25 سال تک قائم رہا، ان کے 4 بچے ہیں۔

ایمازون کے بانی جیف بیزوز کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 137 ارب ڈٓالر ہے اور ان کی طلاق کو دنیا کی مہنگی ترین طلاق بھی کہاجارہا ہے۔

ایمازون کے بانی اور ان کی اہلیہ نے ٹوئٹر پر مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ طویل عرصے تک الگ رہنے کے بعد ہم نے طلاق کا فیصلہ کرلیا تاہم دوست کی حیثیت سے ہمیشہ ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے۔

بیان میں امیر ترین جوڑے نے خود کو خوش قسمت قرار دیا، 54 سالہ جیف بیزوز اور 48 سالہ میکنزی کی ملاقات نیویارک کی ایک کمپنی میں کام کے دوران ہوئی جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا تھا۔

میکنزی متعدد ناول بھی تحریر کرچکی ہیں، گزشتہ سال اس جوڑے نے 2 ارب ڈالرز کا فنڈ قائم کیا جس کا مقصد بے گھر خاندانوں کی مدد اور کم آمدنی والے طبقے کے بچوں کی تعلیم کیلئے ایک نیٹ ورک تشکیل دینا تھا۔

جیف بیزوز کا تعلق متوسط طبقے سے تھا، انہوں نے 1994ء میں امیزون کمپنی قائم کی، جو اس وقت امریکا سمیت متعدد ممالک میں آن لائن ریٹیل خریداری میں سب سے آگے ہے۔