جنگی محاذ پر امریکی فوج کا نیا ہتھیار مولر مائیک

September 15, 2018

امریکی فوج کیلئے فوجی محاذ اور دیگر ملٹری تنصیبات پر مواصلاتی نظام کیلئے وائرلیس سیٹ پر گفت گو یا سیٹلائٹ فونز کا استعمال پرانا ہوگیا۔ امریکی فوج کی جانب سے فوجیوں کیلئے ہینڈ فری مواصلاتی نظام پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق ہینڈ فری ڈیوائس کو فوجی ہاتھ یا سر پر نہیں، بلکہ اپنے دانتوں میں لگا سکیں گے۔ اس نئی ڈیوائس کو فوجیوں کے منہ کے اندر دانتوں پر چسپاں کیا جائے گا، جس سے وہ باآسانی اپنا ہاتھ استعمال کیے بغیر گفت گو کر سکیں گے۔

اس پروجیکٹ پر امریکی ایئرفورس کی جانب سے کیلی فورنیا کی نجی کمپنی سونیٹس ٹیکنالوجیز کے ساتھ کام شروع کیا گیا ہے۔ ڈیوائس کو مولر مائیک کا نام دیا گیا ہے، جو روایتی مواصلاتی نظام کی جگہ لے گا، اس ڈیوائس سے آپ نہ صرف بات کرسکیں گے، بلکہ سن بھی سکیں گے۔

ابتدا میں اس پروجیکٹ پر امریکی حکومت کی جانب سے 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، جو جنگی محاذوں پر مواصلات کے روایتی اور پرانے نظام کو یکسر تبدیل کرکے انقلاب لائے گی۔

امریکی ایئرفورس کی جانب سے جلد اس مولر مائیک کو آزمائش کیلئے جنگی محاذوں پر استعمال کیا جائے گا۔ اس ڈیوائس کو فوجیوں کے پچھلے دانتوں کے ساتھ نصب کیا جائے گا اور ہڈیوں کے ذریعے یہ آواز کو آپ کے کانوں تک پہنچائے گا۔ یہ ایک چھوٹے سائز کی ڈیوائس ہے، جو کسی بھی موسمی حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پراجیکٹ سے متعلق نجی کمپنی کی جانب سے تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ اس ڈیوائس کے ساتھ ایک ننھا سا مائیکرو فون اور اسپیکر جڑا ہوا ہوگا، جب کہ آپ کی بات دوسروں تک پہنچانے کیلئے ایک چھوٹا ٹرانسمیٹر اس سے منسلک ہوگا،جو گلے میں لٹکایا جائے گا، جس کے ذریعے آپ اپنی آواز یا میسج کہیں بھی پہنچا سکیں گے۔

اس ڈیوائس کے استعمال سے موصول ہونے والی آواز دانتوں سے ہوتی ہوئی سماعتوں تک پہنچے گی۔ اس ڈیوائس کی ایجاد کا مقصد فوجی کو جنگی محاذ پر زیادہ سے زیادہ اسلحہ اور اس کے استعمال پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

نجی کمپنی سونیٹس کی جانب سے مذکورہ ڈیوائس کو ملٹری ٹیکنالوجی میں گیم چینجر سے تشبہہ دی گئی ہے۔ دفاعی حکام کے مطابق جنگ زدہ علاقوں میں کارروائی کے دوران جہاں فوجیوں کی تمام توجہ اردگرد اور دشمن پر ہوتی ہے،وہاں بڑے بڑے مواصلاتی سامان کو سنبھالنا اور ہاتھوں میں تھام کر بھگنا ایک مشکل مرحلہ ہے، تاہم اس ڈیوائس سے یہ مشکل حل ہو جائے گی۔

اس ڈیوائس سے مکمل مطابقت کیلئے آپ کو دو سے تین ہفتے درکار ہونگے۔