پاکستان میں انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے فیس بک کے اہم اقدامات

Samaa Web Desk
July 11, 2018

فیس بک نے پاکستان میں انتخابات کو شفاف بنانے اور جعلی و سنسی خیز خبروں کو روکنے کے لیے اہم اقدامات کا دعویٰ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک انتظامیہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ کیا اور 25 جولائی کوانتخابات سے متعلق خصوصی ٹرینڈ بنانے کی پیشکش کردی ہے، فیس بک انتطامیہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر سیاسی جماعتوں کے فیک پیجز کے خاتمے میں مدد کرسکتے ہیں جبکہ  فیس بک الیکشن کمیشن کی 8300 سروس کی پروموشن بھی کرے گا اور اہم دنوں سے متعلق الیکشن کمیشن کی تشہیری مہم بھی چلائےگا۔

الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کاتاحال فیس بک پرآفیشل پیج نہیں ہے، فیس بک کی آفر کے بعد الیکشن کمیشن کا آفیشل پیج بنانے پر غور کررہی ہے ، جس کے لئے الیکشن کمیشن کے آئی ٹی ونگ نے سفارشات چیف الیکشن کمشنر کو بھجوا دیں، ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن حتمی منظوری کے بعدفیس بک انتظامیہ کوجواب دے گا۔

یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں فیس بک کےمالک مارک زکر برگ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نے فیس بک کے جعلی اکاؤنٹ رکھنے والے اس سال پاکستان میں ہونے والےعام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں لیکن پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان میں الیکشن پر فیس بک کے ذریعے کوئی اثراندازنہ ہو۔