مچھر کا جین تبدیل کرنے سے کیا ہوگا ؟؟

May 12, 2018

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مچھر کے ڈی این اے میں تبدیلی کرکے ملیریا کے خلاف بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق بل گیٹس نے کہا ہے کہ جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مچھروں کی ملیریا پھیلانے کی صلاحیت ختم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جین میں تبدیلی کے حوالے سے جاری تحقیق کو اخلاقی مسائل سے جوڑ کر مشکلات کا شکار نہیں کرنا چاہیے۔

لندن میں ملیریا فورم سے خطاب کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ گو کہ جین ایڈیٹنگ پر تحقیق کے حوالے سے فضول سوالات اٹھائے گئے ہیں، تاہم ایسے سوالات سے جین ڈرائیو یا سی آر آئی ایس پی آر نامی ٹیکنالوجی کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔

 

 

انہوں نے کہا کہ جین ڈرائیو ٹیکنالوجی کے ذریعے اس مہلک بیماری کے خلاف پیش رفت پر انہیں نہایت خوشی ہے اور وہ خود کو توانا محسوس کر رہے ہیں۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کا استعمال سائنس کی مختلف شاخوں اور شعبہ ہائے زندگی میں ہو رہا ہے، جن میں مال مویشی اور نئی فصلوں کی تیاری شامل ہے۔

مچھروں میں ملیریا کا وائرس پھیلانے کی صلاحیت ہوتی ہے، تاہم جین میں تبدیلی کر کے ان کی آبادی کم اور اس وائرس کو اپنے اندر رکھنے کی صلاحیت ختم یا محدود بنائی جا سکتی ہے۔