گاڑیوں کو ڈرائیونگ کے دوران چارج کرنیوالی دنیا کی پہلی سڑک تیار

April 14, 2018

اسٹاک ہوم : سویڈن میں گاڑیوں کو ڈرائیونگ کے دوران چارج کرنیوالی دنیا کی پہلی الیکٹریفائیڈ سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے قریب ایک سڑک پر 2 کلو میٹر تک الیکٹرک ریل نصب کردی گئی ہے جس کو وقت کے ساتھ وسعت دینے کا منصوبہ ہے۔

اسٹاک ہوم آرلنڈا ایئرپورٹ سے ایک لاجسٹک مقام تک الیکٹریفکیشن روڈ پر چلنے والی الیکٹرک گاڑیاں اب خودبخود چارج ہوتی رہیں گی جس کیلئے روڈ ریچارج ایبل خصوصی بیٹریاں گاڑیوں میں نصب کی جارہی ہیں، ان گاڑیوں میں نیچے کی طرف سے ایک حصہ سڑک پر بچھی ہوئی الیکٹرک وائرنگ کو چھو سکتا ہے جبکہ گاڑی رکنے کی صورت میں چارج ہونا خود بخود بند ہو جائے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ نظام گاڑی کی توانائی کی کھپت جانچ سکتا ہے، اس کی تعمیر پر ٹرام لائن (گاڑیوں کے سر پر سے گزرنے والی بجلی کی لائنیں) کی نسبت 50 فیصد کم خرچہ آتا ہے۔

سویڈن کی حکومت 2030ء تک ماحولیاتی آلودگی میں اپنا کردار صفر کرنے کیلئے فوسل فیول (زمینی ایندھن) کے استعمال سے آزادی کا ہدف رکھتی ہے، جس کیلئے ٹرانسپورٹ سیکٹر کا زمینی ایندھن پر انحصار 70 فیصد تک کم کیا جائے گا۔