انٹرنیٹ 3 جی 4 جی سروس عنقریب چاند پر بھی

Samaa Web Desk
February 28, 2018

جرمن موبائل نیٹ ورک کمپنی ووڈا فون اور ٹکنالوجی کمپنی نوکیا نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ چاند کی سطح پر "فور جی" نیٹ ورک متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

جرمنی میں قائم ادارہ پی ٹی سائنٹسٹس آئندہ برس ایک مشن چاند پر بھیجے گا۔ اس دوران مشن میں شریک روبوٹس معلومات کو "فور جی" انٹرنیٹ کے ذریعے بیس اسٹیشنوں کو بھیجیں گے، اس نیٹ ورک کا استعمال 2019ء میں چاند پر پہلے نجی مشن کے دوران کیا جائے گا۔

ووڈا فون کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ہینز امیٹسٹریئٹر کا کہنا ہے کہ "یہ منصوبہ موبائل نیٹ ورک کے بنیادی ڈھانچے کے ارتقاء میں ایک نئے مرحلے کی بنیاد رکھے گا"۔

ادھر پی ٹی سائنٹسٹس ادارے کے چیف ایگزیکٹو روبرٹ بوہمے کا کہنا ہے کہ "کرہ ارض سے باہر سفر کے لیے اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے سیارے سے باہر انفرا اسٹرکچر کو قائم کر کے اسے ترقی دیں۔ آئندہ مشن کے ذریعے ہم چاند کی سطح پر خصوصی ٹیلی کمیونی کیشن نیٹ ورک کے ابتدائی عناصر کا قیام عمل میں لا کر اس کا تجربہ کریں گے"۔ سماء