معروف کمپنی کا فونز کو جان بوجھ کر سست کرنے کا اعتراف

Samaa Web Desk
December 22, 2017

نیویارک : معروف موبائل فون کمپنی نے صارفین کو دھوکا دینے کا اعتراف کرلیا، ایپل کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی پرانے فونز کو جان بوجھ کر سست کرتی ہے۔

موبائل فون ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ایپل نے یہ اعتراف اس وقت کیا جب ایک صارف نے اپنے ایس 6 فون کے سست ہونے کی شکایت کی لیکن جب اس نے اپنی بیٹری تبدیل کرائی تو اسے کافی فرق نظر آیا اور فون کی پروسیسنگ کی رفتار بہتر ہوگئی۔

صارف کی جانب سے شکایت سامنے آنے پر ایپل کمپنی نے اعتراف کیا کہ پرانے فونز کو جان بوجھ کر سست کیا جاتا ہے اس سے بیٹریوں پر بوجھ کم پڑتا ہے، ادارے کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے فون پرانے ہوتے ہیں ان کی بیٹریاں کمزور ہوجاتی ہیں جس سے صارف کو بار بار فوج چارج کرنے پڑتے ہیں، اس لئے فون کو سست کرنا بیٹریوں کے حق میں بہتر ہوتا ہے۔

ایپل کمپنی کا کہنا ہے کہ فونز کے آپریٹنگ سسٹم میں تبدیلی لا کر بیٹریوں کی زندگی میں اضافے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔ ایپل کے اس اعتراف کی وجہ سے کمپنی کو سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کچھ لوگوں نے اسے مشکوک اقدام قرار دیا ہے۔ ویب ڈیسک