Tuesday, October 19, 2021  | 12 Rabiulawal, 1443

رضوان کی تعریف: قومی کرکٹرز آمنے سامنے

SAMAA | and - Posted: Feb 13, 2021 | Last Updated: 8 months ago
SAMAA | and
Posted: Feb 13, 2021 | Last Updated: 8 months ago

ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے

وکٹ کیپر محمد رضوان کی تعریف پر سرفراز احمد، محمد حفیظ اور محمد عامر آمنے سامنے آگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں گزشتہ سال ٹی 20 کے ٹاپ اسکورر محمد حفیظ نے رضوان کو سنچری بنانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ چمکتے ہوئے ستارے ہیں لیکن مجھے حیرت ہوتی ہے کہ آپ کو کب تک یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں پاکستان کے نمبرون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔

جس پر سابق کپتان سرفراز احمد نے محمد کو جواب دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ بھائی صاحب! امتیاز احمد، وسیم باری، تسلیم عارف، سلیم یوسف، معین خان اور راشد لطیف سے لے کر کامران اکمل اور اب محمد رضوان تک جو بھی پاکستان کے لیے کھیلا وہ نمبر ون ہی رہے ہیں اور اسی کے مطابق ان کی عزت کی جاتی ہے۔

محمد حفیظ اور سرفراز احمد کی ٹوئٹ جنگ میں محمد عامر نے بھی بھرپور حصہ لیتے ہوئے لکھا کہ بابو! آپ بھی پاکستان میں نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں اور آپ کی کپتانی میں ٹی 20 ٹیم 2 سال نمبر ون رہی اور سب سے بڑھ کر چیمپئن ٹرافی پاکستان آئی، سرفراز آپ پاکستان کا فخر ہیں اور مزے کی بات لوگوں کا کام ہے فضول باتیں کرنا لہذا انجوائے کریں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بڑوں نے حفیظ اور سرفراز کی ٹوئٹر پر لفظی جنگ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا نوٹس لےلیا ہے۔

قومی ٹیم کے منیجر منصور رانا نے محمد حفیظ کو معاملہ ختم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سرفراز احمد کو بھی ٹوئٹر پر ایسے الفاظ لکھنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ کو ٹی 10 لیگ میں مصروفیت کے باعث جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی20 سیریز میں شامل نہیں کیا گیا تھا جس پر وہ ناراض تھے جبکہ سرفراز احمد مسلسل ٹیم کے ہمراہ موجود ہیں تاہم انہیں کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube