پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کیلئے نیوزی لینڈ روانہ ہوگئی ہے۔
بشکریہ پی سی بی
قومی ٹيم لاہور ايئرپورٹ سے 23 نومبر کی صبح پرواز ای کے 623 کے ذريعے براستہ دبئی نيوزی لينڈ کے ليے روانہ ہوئی۔
قومی اسکواڈ نیوزی لینڈ کی لنکن یونیورسٹی میں 14 روز کا قرنطنیہ کرے گا۔ قومی کرکٹ ٹيم کیویز کے خلاف 3 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھيلے گی۔
بابر اعظم پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔ قومی اسکواڈ آکلینڈ سے کرائسٹ چرچ روانہ ہوگا۔
بشکریہ پی سی بی
کھلاڑیوں پر 14روز تک سخت قرنطینہ پریڈ میں ایک دوسرے سے میل جول کی پابندی عائد کی گئی ہے، جب کہ انہیں الگ الگ گروپس میں رہنا ہوگا۔ پی سی بی کی جانب سے اس دوران کھلاڑٰوں کے 3 کوویڈ ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے۔ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران کھلاڑیوں کو سخت کوویڈ پروٹوکولز کا سامنا ہوگا۔
پاکستانی اسکواڈ میں کھلاڑیوں اور کوچز سمیت 55 افراد شامل ہیں۔ ٹیم میں 5 اسپنر اور 10 فاسٹ باولر کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹیم میں 6 اوپنرز، 11 مڈل آرڈر بلے باز اور 3 وکٹ کیپر ہیں۔
شعیب ملک ، محمد عامر اور اسد شفیق کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ محمد رضوان ٹیسٹ ٹیم اور شاداب خان ٹی 20 ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 18 دسمبر سے 7 جنوری تک جاری رہے گی۔ دورہ نیوزی لینڈ کی مکمل تفصیلات نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ جلد جاری کرے گا۔