Friday, September 18, 2020  | 29 Muharram, 1442
ہوم   > کھیل

کبڈی ورلڈکپ:پاکستان آسٹریلیا کو ہراکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

SAMAA | - Posted: Feb 13, 2020 | Last Updated: 7 months ago
SAMAA |
Posted: Feb 13, 2020 | Last Updated: 7 months ago

پاکستان نے آسٹریلیا کو 25 کے مقابلے میں 62 پوائنٹس سے ہرا کر کبڈی ورلڈ کپ 2020 کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پول بی سے پاکستان اور آسٹریلیا جبکہ پول اے سے دفاعی چیمپئن بھارت اور ایران سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

عالمی مقابلے کے پانچویں روز جمعرات کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہونے والےپول بی کے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر ریڈ سے میچ کا آغاز کیا اور اس کے ریڈرز لالہ عبید اللہ کمبوہ، عرفان مانا، بلال محسن، شہرام بھٹو، کلیم اللہ جٹ نے خوبصورت حملے کرکے پوائنٹس لئے جبکہ جاپھی شانی بسرا، مشرف جنجوعہ، ظفر چینی نے جاندار جپھے ڈال کر آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بے بس کردیا۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے 10 کے مقابلے میں 33 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پہلے ہاف میں ہی واضح برتری حاصل کرلی تھی جبکہ دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے اور کھلاڑیوں نے شاندار ریڈز کرکے اور جپھے مار کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔ میچ کے بہترین ریڈرز پاکستانی کپتان عرفان مانا جٹ اور بلال محسن جبکہ بہترین جاپھی شانی بسرا قرار پائے۔

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ملک عمر فاروق، کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین اور ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھراہوا تھا جنہوں نے شاندار کھیل پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔ اسٹیڈیم میں کبڈی کے بزرگ شائقین روایتی پنجاب کی پگ پہن کر میچ دیکھنے آئے تھے۔

دوسرے میچ میں بھارت نے سخت مقابلے کے بعد ایران کو 39 کے مقابلے میں 50 پوائنٹس اور تیسرے میچ میں جرمنی نے سیرالیون کو 14 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے بآسانی ہرادیا۔

بھارت نے ٹاس جیت کر ریڈ کی تاہم میچ کے آغاز سے ہی مقابلہ سخت رہا اور دونوں ٹیمیں برابر پوائنٹس لیتی رہیں۔ دوسرے ہاف میں بھارت کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران پر اپنی دھاک بٹھا دی اور پوائنٹس میں اضافہ کرتے رہے۔ ایک متنازع پوائنٹ پر ریفری نے دونوں ٹیموں کی شرٹس اتروادیں۔
بھارتی کھلاڑیوں دیپک کاشی، نوجوت سنگھ جوتا، وینے کھتری، اور ارش جھولا نے شاندار کھیل پیش کرکے ٹیم کو کامیابی دلائی، ایران کے جانب سے مثال قمری، مصطفی صادقی اور امیر محمدی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بھارت کے وینے کھتری کو بہترین ریڈر جبکہ ارش جھولا کو بہترین جاپھی کا ایوارڈ دیا گیا۔

تیسرے میچ میں جرمنی نے سیرالیون کو14 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے بآسانی ہرادیا۔ سیرالیون نے ٹاس جیت کر ریڈ کی لیکن جرمنی کے کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور مقابلہ جیت لیا۔
پول اے میں بھارت اور ایران نے6، 6، جرمنی نے 4، انگلینڈ نے 2 پوائنٹس حاصل کئے ہیں جبکہ سیرالیون نے کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔ پول بی میں پاکستان اور آسٹریلیا دونوں کے چار چار اور کینیڈا کے 2 پوائنٹس ہیں جبکہ آذربائیجان کی ٹیم کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی۔

جمعہ 14 فروری کو ظہور الہٰی اسٹیڈیم گجرات میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوپہر ڈھائی بجے جبکہ دوسرا میچ بھارت اور برطانیہ کے مابین سہ پہر 3بج کر 45منٹ پر ہوگا۔
پول اے میں بھارت اور ایران جبکہ پول بی میں پاکستان اور آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گئے، 14فروری کو دو میچز ظہور الٰہی سٹیڈیم گجرات میں کھیلے جائیں گے۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
 
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube