ہوم   > کھیل

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر لاہور میں سپردخاک

2 weeks ago

نمازجنازہ میں انضمام،سرفراز،اکمل برادران،مشتاق کی بھی شرکت




سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کو لاہور کے میاں میر قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، ان کی نماز جنازہ میں سابقہ اور موجودہ کرکٹرز، پی سی بی حکام کے علاوہ بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔


نماز جنازہ میں شرکت کرنیوالوں میں مایہ ناز اسپنر عبدالقادر کی نماز جنازہ میں وہاب ریاض، انضمام الحق، سرفراز احمد، عمر اکمل، کامران اکمل، مشتاق احمد سمیت دیگر کرکٹرز، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور عزیز و اقارب بھی شامل تھے۔


پاکستان کرکٹ کیلئے گرانقدر خدمات انجام دینے والے سابق کھلاڑی اور چیف سلیکٹر عبدالقادر کا گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔


عبدالقادر 15 ستمبر 1955ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1977ء میں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا، معروف اسپنر نے مجموعی طور پر 67 ٹیسٹ میچز میں 236 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 104 ایک روزہ مقابلوں میں 132 وکٹیں لی تھیں۔


ٹیسٹ کرکٹر نے سوگواران میں 4 بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں، ان کے بیٹے عثمان قادر آسٹریلیا میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں جبکہ عبدالقادر کے داماد عمر اکمل بھی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔


عبدالقادر نے 1983ء اور 1987ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے 5 ایک روزہ مقابلوں میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کی۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں