بھارت سے شکست کی روایت برقرار، پاکستان 89 رنز سے ہار گیا

June 16, 2019

بھارت نے ورلڈ کپ میں جیت کی روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر بھارت نے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 337 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 35 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔

میچ دوبارہ شروع ہوا تو کھیل 40 اوورز تک محدود کردیا گیا جس میں پاکستان کو 5 اوورز پر 136 رنز بنانے تھے مگر پاکستان 40 اوورز میں مطلوبہ ہدف پورا نہ کرسکا اور 89 رنز سے ہار گیا۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہل نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ابتدا میں محتاط انداز اپنایا اور 5 اوورز کے بعد کھل کر کھیلنا شروع کیا اور پہلی وکٹ پر 136 رنز بنائے۔

روہت شرما نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جب کہ کے ایل راہل نے 69 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جس میں ایک چھکا اور تین چوکے بھی شامل تھے۔ بھارت کا اسکور 136 تک پہنچا تو کے ویل راہل وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 78 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری وکٹ پر روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی کریز پر موجود ہیں اور شرما 85 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے اپنے کیرئیر کی 24ویں سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ بھارت کا مجموعی اسکور 234 تک پہنچا تو روہت شرما 140 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہاردک پانڈیا تھے جو 26 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے جب کہ محمد عامر نے ہی 298 کے مجموعی اسکور پر دھونی کو آؤٹ کیا جو کہ ایک رنز بناسکے۔

درمیان میں بارش کے باعث 47 ویں اوور میں میچ رک گیا اور بارش تھمنے کے بعد دوبارہ میچ کا آغاز ہوا تو بقیہ تین اووز کھیلتے ہوئے بھارت نے اسکور 336 تک پہنچا دیا۔

پاکستانی بلے بازوں میں فخر زمان نے 65، بابراعظم نے 48 اور عماد وسیم نے 46 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر اسکور نہ کرسکا۔ کپتان سرفراز احمد 30 گنیدوں پر محض 12 رنز بناکر پویلین لوٹے۔