ورلڈ کپ میں ہونے والے عجیب اتفاق پر سابق کرکٹرز بھی حیران

June 10, 2019

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں ایک عجیب اتفاق دیکھنے میں آ رہا ہے جس پر سابق کرکٹرز بھی حیران ہیں۔

اس بار ورلڈ کپ میں قسمت بلے بازوں پر مہربان ہے، بالرز خوب جان مار رہے ہیں لیکن گیند وکٹ سے ٹکرانے کے باوجود بیلز نہیں گر رہی ہیں اور ایسا ایک دو نہیں پورے پانچ بار ہوچکا ہے۔

آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو بھارت کے بمرا کی گیند پر لائف لائن ملی، جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک، سری لنکا کے دیمتھ کرونارتنے، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور بنگلہ دیش کے محمد سیف الدین کو بھی بیلز نہ گرنے سے بیٹنگ جاری رکھنے کا موقع مل چکا ہے۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق کرکٹرز بھی حیران ہیں۔

انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے بیلز تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ پاکستان کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے لکھا ’’یہ ہو کیا رہا ہے، اپنی پوری زندگی میں ایسا واقعہ پانچ بار ہوتے کبھی نہیں دیکھا‘‘۔