ہوم   > کھیل

ورلڈ کپ 2019، بھارت نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے دی

5 months ago

آئی سی سی ورلڈ کپ کے چودہویں میچ میں بھارت نے دفاعی چیمپپیئن آسٹریلیا کو چھتیس رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں دوسری فتح حاصل کرلی۔

لندن کے اوول گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹ پر تین سو باون رنز بنائے۔ اوپنر شیکھر دھون نے ایک سو اکیس رنز کی عمدہ اننگز سولہ چوکوں سے سجائی۔ کپتان ویرات کوہلی نے بیاسی رنز کی اننگز کھیلی۔ روہت شرما ستاون رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ہاردک پانڈیا اپنے جارحانہ کھیل کی بدولت صرف ستائیس گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے اڑتالیس رنز بناکر پویلین لوٹے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوائنس کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم تیس سو سولہ رنز پر ہی ہمت ہار گئی۔۔ اسٹیو اسمتھ انہتر، ڈیوڈ وارنر چھپن اور عثمان خواجہ بیالیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایلکس کیری کی ناقابل شکست پچپن رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔

بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ نے تین، تین جبکہ یزوندر چاہل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی اس ایونٹ میں یہ پہلی ناکامی ہے۔ آسٹریلیا نے میگا ایونٹ میں تین میچز کھیلے ہیں جن میں دو میں اسے کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں