پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان وارم اپ میچ آج ہوگا

May 26, 2019

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے سلسلے میں پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ آج اتوار کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے وارم اپ میچز کا مرحلہ 5 روز جاری رہنے کے بعد 28 مئی کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس کے بعد ورلڈ کپ 2019ء کا باضابطہ آغاز 30 مئی سے ہوگا۔

 

قومی ٹیم عالمی کپ میں اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔ وارم اپ مرحلے میں 26 مئی کو کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ یہ میچ کارڈف میں کھیلا جائیگا۔ اپنے پہلے وارم اپ میچ میں پاکستان کو افغانستان کے ہاتھوں تین وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اسی روز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں برسٹل میں مد مقابل ہونگی۔ 27 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی، جب کہ اسی روز دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں پنجہ آزما ہونگی۔

 

وارم اپ مرحلے کے آخری روز 28 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت سے ہوگا، جب کہ اسی روز کا دوسرا اور وارم اپ مرحلے کا آخری میچ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان برسٹل میں کھیلا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ وارم اپ مرحلے کے ختم ہونے کے بعد آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کا باقائدہ آغاز 30 سے ہوگا اور ورلڈ کپ کا ابتدائی میچ 30 مئی کو میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اوول کے تاریخی مقام پر کھیلا جائے گا۔