ورلڈ کپ اسکواڈ کے بعد سے مجھے خواب آ رہے تھے، وہاب ریاض

May 21, 2019

پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ 2019 اسکواڈ کے بعد سے مجھے خواب آ رہے تھے اور خواب میں کبھی سرفراز تو کبھی مکی آرتھر سے ملاقات ہوتی تھی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ ابھی چند پہلے بھی خواب آیا جس میں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ آپ تیاری پکڑو، ٹیم کو میری ضرورت ہے اور میں جارہا ہوں۔

ورلڈ کپ 2019: پاکستان کے حتمی اسکواڈ میں وہاب، عامر اور آصف کی واپسی

فاسٹ بولر نے کہا کہ دو سال سے کوشش تھی جہاں بھی کھیلوں پرفارم کروں، میں بہت زیادہ مایوس تھا لیکن امید کا دامن نہیں چھوڑا تھا، مجھے لگتا ہے کہ میری محنت کا مجھے صلہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں بہت کم ون ڈے میچز کھیلے ہیں، پریشر ہے لیکن 2 سال میں بہت تیاری کی ہے، کوشش ہوگی سب کی امیدوں پر پورا اتروں۔

وہاب ریاض نے کہا کہ مجھے تجربے کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، ٹیم سے باہر تھا تو بہت دکھ تھی، جو لوگ تنقید کر رہے وہ اب میرے لیے دعا کریں۔ مجھے بہت زیادہ یقین تھا کہ ورلڈ کپ کھیلوں گا اور ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے میں پہلے سے تیار تھا۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ انگلینڈ کی بیٹنگ لائن میں بہت بہتری آئی ہے، 4 میچز میں مسلسل 300 سے زائد رنز ٹیم نے کبھی نہیں کیے، فیلڈنگ اور بولنگ میں بہتری ہوتی تو رزلٹ مختلف ہوسکتا تھا۔

وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ کی بیٹنگ وکٹیں ہیں، لہذا فاسٹ بولر کو ایگریگیشن شو کرنا ہوگا، جبکہ انگلش وکٹوں پر یارکرز بہت ضروری ہونگی۔ ہرکھلاڑی کا اپنا پلان ہوگا اور کوچز بھی پلان دیتے ہیں، لیکن جو ٹیم ریورس سوئنگ اچھا کرے گی وہ کامیاب رہے گی۔

ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہ کئے جانے پر وہاب ریاض اور کامران اکمل مایوس

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر نے جو کہا تھا وہ ماضی کا حصہ بن گئی، مجھے مستقبل کی طرف دیکھنا ہے،  کوشش کروں گا مکی آرتھر کی امیدوں پر پورا اتروں۔

گذشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ اسکواڈ میں وہاب ریاض، محمد عامر اور آصف علی کی واپسی کا اعلان کیا تھا۔