امریکی باکسر ٹیرنس کرافورڈ نے عامر خان کو ہرا دیا

April 21, 2019

امریکی باکسر ٹیرنس کرافورڈ نے ٹیکنیکل بنیادوں پر برطانوی باکسر عامر خان کو شکست دے دی۔ فائٹ کے بعد عامر خان کا کہنا تھا کہ بیلٹ کے نیچے اور پیٹ پر مکوں سے شدید درد ہوا، شکست پر مداحوں سے معافی مانگتا ہوں۔

ورلڈ ویلٹر ویٹ بیلٹ کے لیے امریکی شہر نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں دونوں حریف ایک دوسرے کے خلاف رنگ میں اترے۔ جہاں دونوں جانب سے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے گئے، تاہم عامر خان اور ٹیرینس کرافورڈ کے درمیان چوتھا راؤنڈ مکمل ہونے پر ٹیرنس کو عامر خان پر 10-9 سے برتری حاصل رہی۔

 

بعد ازاں چھٹے راونڈ اور کھیل کے اختتام تک 31 سالہ کرافورڈ کے مجموعی پوائنٹس49 اور عامر خان کے 45پوائنٹس اسکور ہوئے۔ کھیل میں متعدد بار ٹیرنس نے غلط مکوں سے عامر خان کو بے بس کیا۔ ٹیرنس کے غلط شارٹس پر سوشل میڈیا پر بھی انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

 

باکسنگ ایکسپرٹس اور مداحوں کا کہنا ہے کہ ٹیرنس کو غلط طریقے سے فاتح قرار دیا گیا ہے۔ لوگوں نے ریفری کی جانب سے ٹیرنس کی فتح کو غلط فیصلہ قرار دیتے ہوئے اسے متنازعہ فائٹ بھی کہا ہے۔

 

میچ میں سنسنی موڑ اس وقت آیا جب ٹیرنس کے غلط شارٹ پر عامر خان شدید درد کے باعث بے بس نظر آئے اور دونوں کے درمیان فائٹ روک کر میچ ختم کیا گیا۔ میچ ریفری اور ججز کی جانب سے ٹیرنس کو عامر خان کے خلاف ٹکنیکل بنیاد پر کامیاب قرار دیا گیا، جس کے بعد ٹیرنس نے اپنے ٹائٹل کا دفاع کیا۔

 

واضح رہے کہ امریکی باکسر ٹیرنس کی یہ 35 ویں کامیابی ہے، جب کہ پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کیریئر کے 33 مقابلوں میں سے چار میں شکست کھائی اور 20 مرتبہ حریف کو ناک آؤٹ کیا۔

 

میچ سے قبل دونوں کھلاڑیوں کا وزن بھی چیک کیا گیا۔ دونوں باکسرز کے وزن کے دوران ٹیرینس کرافورڈ کا وزن146 کلو اعشاریہ چار پونڈ اور عامر خان کا وزن 146اعشاریہ 6 پونڈ رہا۔

 

میچ سے کچھ روز قبل میڈیا سے گفت گو میں برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ اس فائٹ میں بڑا اپ سیٹ دیں گے ، یہ لڑائی ان کی خواہش پر ہو رہی ہے۔