وزیراعظم کی قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات، سرفراز احمد کی کپتانی کو سراہا

April 19, 2019

تصویر: پی سی بی

وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کپتان سرفراز احمد کی کپتانی کو سراہا اور ورلڈ کپ میں جیت کےلئے حوصلہ افزائی کی۔

قومی ٹیم کی وزیراعظم سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی جس میں عمران خان نے ٹیم کو مشورے دیے اور جیت کے گر بتائے۔ وزیراعظم نے ورلڈ کپ میں جیت کےلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ملاقات میں عمران خان نے سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کسی چیز کا خوف نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اگر خوف غالب آگیا تو جیت مشکل ہوجائے گی۔

اس بار ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کی بیگمات ہمراہ نہیں ہوں گی

وزیراعظم نے کہا کہ آپ قوم کے سفیر ہیں، جبکہ پوری قوم کی نظریں اور توقعات آپ سے وابستہ ہیں۔ اپنی صلاحیتوں، اسپورٹس مین اسپرٹ اور اپنے طرزِ عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں۔

عمران خان نے کہا کہ چیمپیئن جیت کا بھرپور جذبہ لے کر اور مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں، ٹیم اسپرٹ کامیابی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

عالمی کپ کے اسکواڈ سے ڈراپ ہونے والے محمد عامر کو بھی وزیر اعظم نے ٹپس دیں اور کہا کہ 30 سال میں جسم ڈھل جاتا ہے، اپنے آپ کو فٹ رکھو۔

عمران خان سے ملاقات میں قومی ٹیم، ہیڈ کوچ سمیت غیر ملکی کوچز نے قومی لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔ سرفراز احمد نے 1992 کے کپتان کو ’’بیٹ‘‘ کا تحفہ بھی پیش کیا۔