بڑی خبر: آسٹریلوی کرکٹرز پاکستان میں کھیلنے کیلیے تیار

January 11, 2019

آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ اور ایرون فنچ پاکستان میں کھیلنے کیلئے تیار ہوگئے۔ دونوں کرکٹرز نے پاکستان جانے کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا پر چھوڑدیا۔

پاک آسٹریلیا ون ڈے میچز کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے آسٹریلیا سے مثبت اشارے ملنے لگے۔

عثمان خواجہ اور آسٹریلوی کپتان فنچ پاکستان میں کھیلنے کیلئے تیار ہیں، کہتے ہیں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی تو پاکستان میں کھیل سکتے ہیں، لیکن پاکستان جاکر کھیلنے کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا نے کرنا ہے۔

آسٹریلوی کپتان فنچ کا کہنا ہے کہ پاکستانی فینز اپنے ملک میں کرکٹ کے مقابلے دیکھنے کے لئے پرجوش ہیں، یواے ای میں اسٹیڈیم خالی ہوتے ہیں، امید ہے پاکستان میں میچز ہوئے تو اسٹیڈیم بھرے ہونگے۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ وہ پاکستان میں پیدا ہوئے ہیں ان کیلئے وہاں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

پاک آسٹریلیا پانچ میچز کی سیریز مارچ میں شیڈول ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کو کم ازکم دو میچز پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دے رکھی ہے ۔