جوہانسبرگ ٹیسٹ : جنوبی افریقا 262 رنز پر آؤٹ، پاکستان کے 2 وکٹ پر 17 رنز

January 11, 2019

فہیم، عامر، عباس اور حسن نے جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کو ٹھکانے لگادیا، 262 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی، پروٹیز کی آخری 7 وکٹیں 33 رنز پر گریں، مارکرم 90 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹ پر 17 رنز بنالئے۔

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کپتان ڈین ایلگر 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم مارکرم اور ہاشم آملہ کے درمیان 126 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اوپنر نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 90 رنز پر فہیم اشرف کا شکار بنے۔

ہاشم آملہ 41، تھیونس ڈی بروئن 49 اور زبیر حمزہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی بولرز نے چائے کے وقفے کے بعد شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 33 رنز پر 7 وکٹیں لیں۔

تیمبا باووما 8، کوانٹن ڈی کوک 18، ورنن فلینڈر ایک، ربادا صفر اور ڈوآن اولیویئر بغیر کوئی رن بنائے وکٹیں گنوا گئے، ڈیل اسٹین 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے 2، 2  شکار کئے جبکہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستان کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا، صرف 6 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، شان مسعود 2 اور اظہر علی صفر پر فلینڈر کا شکار بنے، امام الحق 10 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، وہ محمد عباس کے ساتھ دوسرے دن پاکستان کی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کریں گے۔

پاکستان ٹیم سنچورین اور کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں شکست کھاچکی ہے، جنوبی افریقا کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، قومی ٹیم کو وائٹ واش سے بچنے کیلئے کھیل کے تمام شعبوں میں جان لڑانی پڑے گی۔