پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ آج سے شروع

January 11, 2019

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ آج سے جوہانسبرگ میں شروع ہو رہا ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ سے بچنے کیلئے قومی کرکٹ ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے۔

سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پروٹیز 6 وکٹ سے کامیاب ہوئے، جب کہ دوسرے کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے  ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے 9 وکٹ سے پاکستان کے خلاف فتح حاصل کی۔

دونوں میچز میں پاکستان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں پر کئی اعتراضات بھی سامنے آئے، جس کے باعث وائٹ واش سے بچنے کیلئے جوہانسبرگ ٹیسٹ میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ٹیسٹ سیریز میں لیگ اسپنر یاسر شاہ مکمل طور پر ناکام دکھائی دیئے، جب کہ فخر زمان بھی آؤٹ آف فارم رہے ہیں۔ قومی ٹیم دو آل راؤنڈرز کے ساتھ میدان میں اترے گی، جب کہ شاہین آفریدی کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پابندی کا شکار جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کی جگہ ڈین ایلگر ٹیم کی قیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ جوہانسبرگ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں 2016 میں مقابل ہوئی تھیں، مہمان ٹیم اس میچ میں اپنی تاریخ کے کم ترین ٹوٹل 49 پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ جنوبی افریقا نے یہاں گزشتہ میچ آسٹریلیا کے خلاف مارچ 2018 میں کھیلا اور 492 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کی۔