یاسرشاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹوں کا 82 سال پراناریکارڈ توڑدیا

December 6, 2018

لیگ اسپنر یاسرشاہ نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ۔انھوں  نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیزترین 200 وکٹوں کا 82 سال پرانا ریکارڈ توڑڈالا۔

یاسرشاہ نے 33میچز میں 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرلیا۔ آسٹریلیا کے کلیری گریمٹ نے 36 میچزمیں 200وکٹیں حاصل کی تھیں۔ گریمٹ نے 1936 میں تیزترین 200وکٹوں کا ریکارڈ بنایا تھا۔ نیوزی لینڈ کے سومرویلے کو یاسر شاہ نے ایل بی ڈیبلو کرکے 200ویں وکٹ حاصل کی۔

یاسر کا ٹیسٹ ڈیبیو 28 برس کی عمر میں ہوا تھا،انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 7 شکار کئے، صرف 9 میچوں میں وکٹوں کی ففٹی کرنیوالے تیز ترین پاکستانی بولر بنے، 17 میچوں میں وکٹوں کی سنچری کرنیوالے ایشیا کے تیز ترین بولر قرار پائے۔یاسر شاہ نے 4 سال ڈیڑھ ماہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹیں حاصل کیں۔ یاسر شاہ نے کیرئیر میں 16 بار 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔