کرکٹروزیراعظم کے دورمیں ہاکی ٹیم کے پاس ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے رقم نہیں

November 8, 2018

فنڈزنے ملنے پر پاکستانی ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ ہاکی فیڈریشن کی درخواست پرمسائل کے حل کے لیے چیئرمین پی سی بی آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے نہ گئی تو ایک کروڑ جرمانہ بھرنا پڑے گا۔

ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کاآغاز 28 نومبر سے ہو رہا ہے لیکن پاکستان ہاکی فیڈریشن مالی بحران میں گھری ہے۔ ٹیم کو ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے 20 نومبرکو بھارت روانہ ہونا ہے لیکن تاحال ہاکی فیڈریشن کو فنڈز نہیں ملے۔ رقم نہ ملنے سے ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت پرسوالات اٹھ رہے ہیں۔

ہاکی کھلاڑٰیوں کی مشکلات میں اضافے کے بعد ہیڈکوچ توقیرڈارنےچیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی سے مدد مانگ لی۔ ٹیلی فونک رابطے میں توقیر ڈار نے درخواست کی کہ پی سی بی مالی مسائل کے لیے مددکرے۔

توقیرڈارنے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی نے مالی مدد سے معذرت کرتے ہوئے کھلاڑیوں کےمسائل وزیراعظم تک پہنچانےکی یقین دہانی کرائی ہے۔

قومی ٹیم نے اگر ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت نہ کی انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایک کروڑروپے جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ ہوٹل کی بکنگ کے لیے بطور ایڈوانس جمع کرائے جانے والے 25 لاکھ روپےبھی ناقابل واپسی ہوں گے۔

ہاکی ورلڈ کپ 28 نومبر سے 16 دسمبر تک بھوبھنیشور میں کھیلا جائے گا جس میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ واضح رہے کہ تاحال پاکستان ہاکی ٹیم کو بھارت کی جانب سے ویزے بھی جاری نہیں کیے گئے۔