راس ٹیلر اور ٹام لیتھم کی شاندار بیٹنگ، نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 267 رنز کا ہدف

November 7, 2018

راس ٹیلر اور ٹام لیتھم کی شاندار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو جیت کےلیے 267 رنز کا ہدف دے دیا۔


ابو ظبی میں جاری سیریز کے پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ شروع کی لیکن کیوی بلے باز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کر سکے اور 78 کے مجموعی اسکور پر تین وکٹیں گنوا بیٹھے۔ اوپنر جارج ورکر ایک، کولن منرو 29 اور کپتان کین ولیمسن 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد راس ٹیلر اور ٹام لیتھم نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے جس کے بعد ٹیم کا مجموعی اسکور 208 رنز پر پہنچ گیا۔ یہاں ٹام لیتھم 68 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

ٹام لیتھم کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بلے باز وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا۔ ہینری نکولس اور کولن دی گرانڈ ہوم بغیر کوئی رن بنائے شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پہلا ون ڈے، نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ

ٹم ساؤتھی 20 اور سودھی 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹرینٹ بولٹ 8 اور لیوکی فرگوسن 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کی جانب سے فاسٹ بالر شاھین شاہ آفریدی اور لیگ اسپنر شاداب خان نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی 9 اوورز میں 62 رنز دے کر سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے۔

واضح رہے کہ پچھلے 11 ون ڈے میچز میں پاکستان ایک میچ بھی نیوزی لینڈ کے خلاف جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

اس سے قبل تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے وائٹ واش کیا تھا۔