ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی

September 14, 2018

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی دبئی میں رونمائی کردی گئی، پاکستان اور بھارت سمیت ایونٹ کی تمام 6 ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ ہدف ہے تاہم فی الحال توجہ ایشیا کپ پر ہے۔

ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی دبئی میں ہوئی جس میں تمام 6 ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے، دفاعی چیمپئن بھارت کے قائد روہت شرما، پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، سری لنکا کے اینجلو میتھیوز، بنگلادیش کے مشرفی مرتضیٰ، افغانستان کے اصغر افغان اور ہانگ کانگ کے انشومن راتھ نے ٹرافی کی رونمائی کی

مشترکہ پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم اور تیاری بہت اچھی ہے، ورلڈ کپ کیلئے سفر جاری ہے لیکن فی الحال تمام تر توجہ ایشیاء کپ پر ہے۔

وہ بولے کہ وننگ پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے، چیمپئنز ٹرافی کے وقت ٹیم بہت ینگ تھی جس میں اب میچورٹی آگئی ہے، گزشتہ ایشیا کپ سے بہتر پرفارمنس دیں گے، پاکستان کو ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کھیلنا ہے، جس کے بعد ورلڈ کپ کیلئے بہتر کمبی نیشن بنائیں گے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ایشیاء کپ کے تمام ہی میچز اہم ہیں لیکن ہمیں پاکستان کیخلاف میچ کا انتظار ہے اور اس کیلئے پُرجوش ہیں، ہم بھارت سے باہر کئی سیریز جیت چکے ہیں، مجھے پہلی بار پوری سیریز میں کپتانی کا موقع مل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی سے فائنل کی بات کرنا حماقت ہوگی، اچھا پرفارم کریں گے۔

ٹورنامنٹ میں شامل 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان بھارت اور ہانگ کانگ جبکہ سری لنکا، بنگلادیش اور افغانستان گروپ بی میں شامل ہیں۔

ایونٹ کا باقاعدہ آغاز ہفتہ 15 ستمبر کو بنگلادیش اور سری لنکا کے درمیان دبئی میں ہونیوالے میچ سے ہوگا، ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان 19 ستمبر کو ہوگا۔