فٹبال: پاکستان بھارت سے مقابلے کیلئے تیار

September 12, 2018

ساؤتھ ایشین فٹبال چیمپئن شپ کا سب سے بڑا مقابلہ آج ہورہا ہے، سیمی فائنل میں پاکستان روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گا۔

ساف چیمپئن شپ میں پاکستان فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی اور تیرہ سال بعد سیمی فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔

قومی ٹیم کے کپتان صدام حسین کہتے ہیں کہ 13 سال بعد سیمی فائنل میں پہنچے ہیں، پُرامید ہیں کہ میچ جیتیں گے۔

ٹیم کے کھلاڑی بھی اہم میچ کو اپنی پرفارمنس سے یادگار بنانے کیلئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا کہ قوم سے دعاؤں اور سپورٹ کی ضرورت ہے، انشاء اللہ یہ میچ جیتیں گے۔

پاکستان نے گروپ میچز میں نیپال اور بھوٹان کو ہرایا تھا جبکہ بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔