عمران خان پاکستان اور بھارت میں امن قائم کرینگے، کپیل دیو پُرامید

September 11, 2018

بھارت کے سابق کپتان کپیل دیو پُرامید ہیں کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان اور بھارت کے درمیان امن قائم کریں گے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپیل دیو نے خلیجی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ عمران خان پاکستان اور بھارت کے درمیان امن قائم کرسکیں گے، وزیراعظم بننے کے بعد ان کی ایک بار عمران خان سے بات ہوئی ہے، انہوں نے یہ مقام حاصل کرنے کیلئے بڑی جدوجہد کی ہے۔

بھارتی لیجنڈ کرکٹر کا کہنا ہے کہ عمران خان کیلئے اصل چیلنج نوجوانوں کو ملازمتیں اور ملک کے ہر شہری کو تین وقت روٹی فراہم کرنا ہے۔

عمران خان نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے کپیل دیو، سنیل گواسکر اور نوجوت سنگھ سدھو کو مدعو کیا تھا تاہم سدھو کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں شریک نہیں ہوا تھا۔