ویرات کوہلی لیجنڈ ہیں،بھارت کےخلاف اچھی کارکردگی دکھاؤں گا،حسن علی

September 6, 2018

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی نے کہاہےکہ بھارت کےخلاف اچھی کارکردگی کی کوشش کریں گے،ویرات کوہلی لیجنڈ ہیں اور بھارت کی  پوری ٹیم اچھی  ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری کیمپ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ تینوں فارمیٹ کو سامنے رکھتے ہوئے فٹنس کو ہائی کرنا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فٹنس کو بہتر کیا ہے اور جس طرح بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ موازنہ کیا جارہا ہے،ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

پاکستانی فاسٹ بالر نے کہاکہ ویرات کوہلی سینیئر ہیں اور لیجنڈ ہیں۔ بھارت کی پوری ٹیم اچھی ہے۔ ایشیاء کپ میں فوکس صرف بھارت کے خلاف میچ پر نہیں بلکہ تمام ٹیموں پر ہوگا۔

انھوں نے بھرپورعزم کےساتھ کہاکہ جتنے بھی بیٹسمین سامنے آئیں گے،ان کے خلاف اچھی بالنگ کرکے وکٹ لینے کی کوشش کروں گا۔ انھوں نے مداحوں کے لیے کہاکہ وہ کوشش کریں گے کہ بھارت کے خلاف اچھی کارکردگی پیش کریں۔