پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کو منالیا

Samaa Web Desk
September 5, 2018

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کو منالیا۔ کرکٹر کا کہنا ہے کسی سے کوئی ناراضگی نہیںِ، پاکستان کرکٹ کیلئے دستیاب ہوں،  فائٹر ہوں، ہمیشہ فائٹ کرتا رہوں گا۔

ایشیاء کپ کیلئے قومی ٹیم سے ڈراپ کئے جانے پر آل راؤنڈر محمد حفیظ کرکٹ بورڈ سے ناراض ہوگئے تھے، انہوں نے آج دوپہر 3 بجے ہنگامی پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا تھا۔

محمد حفیظ نے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو خط بھی لکھا تھا جس میں انہوں نے ٹیم سے باہر ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ محمد حفیظ ورلڈ کپ کیلئے ہمارے 20 ،22 کھلاڑیوں کی فہرست میں موجود ہیں۔

انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ محمد حفیظ اچھے کھلاڑی ہیں اور بولنگ بھی کرسکتے ہیں، انضمام نے یہ بھی کہا تھا کہ ہمارے پاس اختیار نہیں کہ دعویٰ کریں کہ کسی کھلاڑی کا کیرئیر ختم ہوگیا۔