ایشین گیمز ہاکی: پاکستان کو سیمی فائنل میں جاپان کے ہاتھوں شکست

Samaa Web Desk
August 30, 2018

ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان کی گولڈ میڈل کی اُمید ختم ہوگئی، سیمی فائنل میں جاپان نے شکست دے دی، تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت سے مقابلہ ہوگا۔

ایشین گیمز ہاکی کے اہم ترین میچ میں پاکستان جاپان سے ایک گول سے ہار گیا، مسلسل 5 میچوں میں فتوحات کے بعد سیمی فائنل میں شکست نے ایونٹ میں گولڈ میڈل کی امید دم توڑ گئی۔

ایشین گیمز ہاکی کے دوسرے سیمی فائنل میں جاپان نے سخت مقابلے کے بعد پاکستان کو 0-1 سے ہرایا، پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا، دوسرے کوارٹر میں جاپان کے شوتا یامادا نے پنالٹی کارنر پر گول کردیا۔

تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے گول برابر کرنے کی سر توڑ کوشش کی پر کامیابی نہ ملی۔

قومی ٹیم کے منیجر حسن سردار کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں بھارتی امپائرز نے جانبداری کا مظاہرہ کیا۔

سیمی فائنل میں شکست کے بعد پاکستان کو اولمپکس کیلئے کوالیفائی راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔

ایونٹ میں تیسری پوزیشن کا میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پہلے سیمی فائنل میں ملائیشیا نے بھارت کو 7-6 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔