پی سی بی کا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے سیریز کے شیڈول کا اعلان

Samaa Web Desk
August 28, 2018

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا، کینگروز کیخلاف 7 اکتوبر جبکہ کیویز سے مقابلے 31 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔

پی سی بی نے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، نیوزی لینڈ اے اور انگلینڈ لائنز سے قومی کرکٹ ٹیم کے مقابلوں کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کی سیریز ہوں گی جبکہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے مابین 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے دبئی میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، شاہینوں اور کینگروز کے درمیان ٹی 20 میچز 24، 26 اور 28 اکتوبر کو ہوں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی 20 میچز 31 اکتوبر، 2 اور 4 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ون ڈے میچز 7، 9 اور 11 نومبر کو ہونگے، دونوں ٹیمیں 16 نومبر کو ابوظہبی میں پہلے ٹیسٹ میں آمنے سامنے آئیں گی، دوسرا ٹیسٹ 24 نومبر سے اور تیسرا 3 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔