شاہد آفریدی کی عید الاضحی کے موقع پر مبارک باد

August 22, 2018

سابق کرکٹ ٹیم کے کپتان اور آل راونڈر شاہد خان آفریدی نے عید الاضحی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عید کے موقع پر ہمیں ان لوگوں کو بھی یاد کرنا چاہیے جو قربانی کی استعداد نہیں رکھتے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جہاں ہم عید الاضحی کے موقع پر خوشیاں منا رہے اور بانٹ رہے ہیں، ایسے موقع پر ہمیں ان لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، جو ان خوشیوں سے محروم ہیں۔

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ خوشیوں کے اس پرمسرت موقع پر ہمیں اپنی مصروفیات میں سے کچھ وقت نکال کر ایسے لوگوں کے ساتھ گزاریں جو مستحق ہیں اور یقینا یہ عمل ہمارے لئے بھی اچھا ہوگا۔

 

دوسری جانب پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی اور تناو کی کیفیت ختم کرنے کیلئے آفریدی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو برداشت کا پیغام پھیلانے کی ضرورت ہے اور اس طرح کے اقدامات ہی دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

 

سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی پاکستان آمد کو سراہا اور کہا کہ صرف امن ہی ایسا راستہ ہے جس پر چل کر دونوں ممالک آگے بڑھ سکتے ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہےکہ وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں نوجوت سنگھ سدھو کو دیکھ کر اچھا لگا، مجھے اُمید ہے کہ سدھو کے اس عمل کو دل سے تسلیم کیا جائے گا۔