اہم دورے سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دھچکا

اہم دورے سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دھچکا

Samaa Web Desk
August 10, 2018

پاکستان کے خلاف ہونے والی اہم سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو دھچکا لگ گیا، کینگروز کے دو اہم کھلاڑی پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے۔

بال ٹمپرنگ کے بعد مسلسل مسائل کا شکار آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو مزید جھٹکا لگ گیا۔ دورہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی پاکستان سیریز سے قبل 2 اسٹار پلیئرز ان فٹ ہونے کے سبب ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

 

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق کینگروز ٹیم کے دونوں فاسٹ بولرز بون اسٹریس فریکچر انجریز کا شکار ہیں، وہ ان فٹ ہونے کے باعث بورڈ کو پاکستان کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے مزید بتایا کہ فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ مقررہ وقت میں انجریز سے چھٹکارا نہیں پا سکے ، وہ ابھی فٹنس کی بحالی کے پروگرام میں حصہ لیں گے اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ نو منتخب کپتان ٹم پن پہلے ہی اسٹار کھلاڑی اسٹیو اسمیتھ اور ڈیویڈ وارنر کی عدم موجودگی کے باعث دیگر نیئے کھلاڑیوں کے ہمراہ آزمائش سے گزر رہے ہیں۔

 

کمنز اور ہیزل ووڈ کی غیر موجودگی میں تمام تر ذمہ داریاں مچل اسٹار کے کندھوں پر آگئی ہیں، یو اے ای کی وکٹوں پر کم تجربہ رکھنے کے باعث مچل کیلئے یہ ٹیسٹ سیریز کھٹن امتحان ثابت ہوگی۔

 

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز اکتوبر میں کھیلی جائے گی۔