پی سی بی ایوارڈز حسن علی، سرفراز، ثناء میر، فہیم اشرف، شان مسعود کے نام

August 8, 2018

 

حسن علی، بابر اعظم، سرفراز، اعزاز چیمہ، محمد عباس پی سی بی ایوارڈز لے اڑے، ثناء میر بہترین ون ڈے کرکٹر قرار پائیں، ڈومیسٹک میں شان مسعود پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت سالانہ ایوارڈز تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ملک میں پی ایس ایل کے 8 میچز کروانا ہدف ہے، پلان سے ہٹے تو پاکستان کا بڑا نقصان ہوگا۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے، ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ شان مسعود اور بہترین بولر کا ایوارڈ اعزاز چیمہ کے نام رہا، ڈومیسٹک کرکٹ میں کامران اکمل بہترین وکٹ کیپر رہے۔

خواتین ڈومیسٹک کرکٹ کی بہترین بلے باز کا ایوارڈ جویریہ ودود کو ملا، بہترین بولر ڈیانا بیگ اور بہترین وکٹ کیپر سدرہ نواز رہیں۔

حسن علی ون ڈے کے بہترین کھلاڑی جبکہ ثناء میر بہترین خاتون کھلاڑی قرار پائیں، اسپرٹ آف دی ایئر کرکٹ ٹرافی قومی کپتان سرفراز احمد کے نام رہی۔

انہوں نے کہا کہ کپتانی آسان کام نہیں، اچھے کپتانوں کی زیر قیادت کھیلا، لڑکوں کی محنت کامیابیوں کا سبب ہے۔

محمد بیسٹ ٹیسٹ کے بہترین جبکہ بابر اعظم ٹی 20 کے بیسٹ پلیئر آف دی ایئر ٹھہرے، فخر زمان کو غیر معمولی کارکردگی کا خصوصی ایوارڈ دیا گیا،  عامر اشفاق کو بلائنڈ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ ملا۔

ستاروں سے سجی محفل میں کرکٹرز نے اپنے بیٹ اور گلووز بھی نیلامی کیلئے پیش کئے، یہ رقم خیراتی ادارے کو دی جائے گی۔

ایوارڈز تقریب کے دوران چیمپئنز ٹرافی میں سرفراز احمد کے زیر استعمال گلووز 6 لاکھ میں نیلام ہوئے جسے فخر زمان نے خریدا جبکہ فخر زمان کا بیٹ 7 لاکھ روپے اور سابق کپتان شاہد آفریدی کا ٹی 20 فائنل کا بیٹ 10 لاکھ روپے میں نیلام ہوا۔

سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک نجی مصروفیات کے باعث تقریب میں شریک نہیں ہوئے، پی سی بی سے ناراض محمد حفیظ نے شرکت سے معذرت کرلی جبکہ ڈوپ ٹیسٹ کی زد میں آئے احمد شہزاد کو تقریب میں مدعو ہی نہیں کیا گیا۔