بھارتی ویمن ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان کی ڈگری جعلی نکلی

July 11, 2018

بھارتی ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کی تعلیمی ڈگری جعلی نکلی جس کے باعث ان کو پولیس کے اعلیٰ عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

بھارتی ریاست میرٹھ میں واقع چوہدری چرن سنگھ یونیورسٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی ریکارڈ میں ہرمن پریت کا کوئی ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔ ہرمن پریت ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے ساتھ رواں برس مارچ کو سپورٹس کوٹے کے تحت بھارتی پنجاب پولیس کی ڈی ایس پی بن گئی تھی۔

جعلی ڈگری کا انکشاف اس وقت ہوا جب پنجاب پولیس کے ایک آفیسر نے ان کی دستاویزات کی تصدیق کروانے کے لئے یونیورسٹی سے رجوع کیا۔ یونیورسٹی کے متعلقہ شعبے کے سربراہ پروفیسر سنجے بھردواج نے بتایا کہ جالندھر پولیس آفیسر نے اپریل میں ان سے ہرمن پریت کی بی اے کی ڈگری کی تصدیق کے لئے رابطہ کیا تھا جس پر تحقیق میں ان کے انرولمنٹ کے حوالے سے کوئی معلومات نہ مل سکی۔

بعد ازاں پولیس نے ہرمن پریت کی ڈی ایس پی کے عہدے تنزلی کرتے ہوئے انہیں بطور کانسٹیبل خدمات انجام دینے کا حکم دیا۔