فٹبال ورلڈ کپ،اتوار کو بھی سنسنی خیز مقابلے

July 1, 2018

فٹ بال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مقابلوں میں آج اسپین روس سے اور کروشیا ڈنمارک سے ٹکرائے گا۔ ناک آؤٹ کے تیسرے اور چوتھے میچ کیلئے اسپین اور کروشیا کی ٹیمیں فیورٹ قرار دی گئی ہیں۔

اسپین اور میزبان روس کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ جب کہ ڈنمارک اور کروشیا رات 11 بجے ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے۔

اس سے قبل ہونے والے ناک آؤٹ کے پہلے دو میچز میں دنیا کے کے بہترین فٹ بالر میسی اور رونالڈ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنلز میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ ارجنٹائن سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس سے 4-3 سے اور رونالڈو کی ٹیم پرتگال یوراگوئے سے 2-1 سے ہار گئی۔

فرانسیسی 19 سالہ کھلاڑی کیلیئن شہرہ آفاق فٹ بالر پیلے کے بعد دوسرے کھلاڑی ہیں، جنہوں نے ورلڈ کپ کے ایک ہی میچ میں دو گول اسکور کیے اور سب سے پہلے لیس بلیوز کو کوارٹر فائنل میں پہنچایا۔

فرانس کا مقابلہ اگلے راؤنڈ میں پرتگال کو شکست دینے والی یوراگوئے سے 8 جولائی کو ہوگا۔ ناک آؤٹ کے مرحلے میں جانے والی 16 ٹیموں میں میزبان روس بھی شامل ہے، تاہم دفاعی چیمئن جرمنی ناک آؤٹ تک بھی رسائی حاصل نہ کرسکا۔

اس اکیس ویں ورلڈ کپ میں اب تک 122 گولز داغے گئے، جب کہ 36,349 مکمل پاسز اور 158 پیلے کارڈز دکھائے گئے ہیں۔

ناک آؤٹ مرحلے میں اگر میچ کا فیصلہ مقررہ 90 منٹ میں نہ ہوسکا تو ٹیموں کو 30منٹ کو ایکسٹرا وقت دیا جائے گا، تاہم اگر اضافی وقت میں بھی فیصلہ نہ ہوسکا تو میچ پینلٹی ککس پر جائے گا۔

جرمنی، پرتگال، ارجنٹائن جیسی ہیوی ویٹ ہیوی ویٹ ٹیموں کے رخصت ہونے کے بعد بھی مزید کچھ بہترین ٹیمیں ٹورنامنٹ میں موجود ہیں۔ پانچ بار کی ورلڈ کپ چیمپئن برازیل بھی میکسیکو کے خلاف سامارا میں ہونے والے میچ میں نیمار کی صحت یابی کیلئے پرعزم ہے۔

سال 2010 کی چیمپئن اسپین بھی روس کے خلاف میچ کیلئے پرعزم ہے، جب کہ جاپان کا سامنا کرنے والی بیلئجم کی ٹیم کیلئے یہ میچ آر یا پار کی حیثیت اس لیے رکھتا ہے کہ اس وقت ٹیم میں موجود کئی کھلاڑی اگلے ورلڈ کپ تک ریٹائر ہوجائیں گے۔